حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 20 جمادی الثانی بروز اتوار کو مسجد المرتضیٰ (ع) ملٹو میں باقیات الصالحات ٹرسٹ اور مدرسہ حسنین ملٹو کے زیرِ اہتمام "سیرتِ الزہرا (س)" کے موضوع پر بین المدارس تحریری اور تقریری مقابلہ منعقد ہوا، یہ بامقصد اور روح پرور تقریب دینی تربیت، علمی ارتقاء اور نوجوان نسل کی فکری رہنمائی کے لیے ترتیب دی گئی تھی۔
تقریب کی صدارت قاضی محکمہ شرعیہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی نے کی۔
تقریب میں مختلف مدارس کی طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، مدارس میں مدرسہ امامیہ لگف، مدرسہ العباسیہ سیدآباد، مدرسہ حسنین ملٹو اور مدرسہ امام حسن پایوشو شامل تھے۔
شرکاء نے نہایت محنت اور لگن سے تحریری اور تقریری مقابلوں میں شرکت کی اور سیرتِ سیدہ فاطمہ زہراء (س) اور ان کی تعلیمات اور عملی زندگی کو اجاگر کیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول (ص) سے ہوا۔ مقابلے کے دوران طلبہ و طالبات نے سیرتِ الزہراء (س) کے مختلف پہلوؤں پر مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔
تقریری مقابلے میں خواتین کے کردار، اسلامی معاشرت اور اہلِ بیت (ع) کی تعلیمات کو خصوصی موضوع بنایا گیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی نے اپنے صدارتی خطاب میں "سیرت الزہراء (س) از نگاہ قرآن" کے موضوع پر فکر انگیز اور جامع گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ زہراء (س) کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے کامل نمونہ ہے۔ موجودہ دور میں قرآن فہمی اور اہلِ بیت (ع) کی تعلیمات کو اپنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل کو دینی شعور کے ساتھ زندگی گزارنے کی ترغیب دی۔
حافظ سید شرافت حسین الموسوی نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکاء، منتظمین اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا اختتام دعائے امامِ زمانہ (عج) کی پر نور تلاوت سے ہوا۔
تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی اور حافظ سید شرافت حسین الموسوی نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو نقد انعامات اور اعزازات سے نوازا۔
علمائے کرام نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے عزم و محنت کو سراہا۔
اسی طرح بروز پیر 21 جمادی الثانی ولادتِ با سعادتِ حضرت فاطمتہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مسجد و عزا خانۂ زہراء تسر شگر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں طالبات نے نعت، منقبت، تقاریر اور سرود پیش کئے۔
اس پروگرام میں مدرسہ القائم، مدرسہ دار القرآن، مدرسہ زمذوالقرنین، جامعہ زینبیہ کی طالبات کے علاؤہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
سید شرافت حسین محفل کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ امام جمعہ شیخ علی خان نادم صاحب نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔
خواہران کے لیے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے درج ذیل پروگرامز ترتیب دئیے گئے تھے:
1.خطبہ فدک انعامی مقابلہ
2 سیرت حضرت زہرا خواتین کے لیے اسوہ کامل مقابلہ
3.تقریری مقابلہ
4.سیرت حضرت زہرا کوئز مقابلہ
5.شرکاء سے پانچ سوالات
6.حضرت فاطمۃ زہرا کے ہم نام پانچ خواتین کے لیے انعامات
پروگرام کے آخر میں مختلف انعامی مقابلوں میں شرکت کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
آپ کا تبصرہ